سڈنی،7؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کرکٹ میچ میں آج یہاں پاکستان کو 220رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-0سے کلین سوئپ کیا۔پاکستان کی ٹیم 465رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پانچویں اور آخری دن چائے کے وقفہ سے ٹھیک پہلے 244رنز پر ڈھیر ہو گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر جوش ہیزل وڈ اور اسپنر اسٹیو او کیفی نے تین تین وکٹ لئے۔پاکستان کی میچ ڈرا کرانے کی امیدیں اس وقت ختم ہو گئی جب اس نے سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے والے اظہر علی اور تجربہ کار یونس خان کے وکٹ لنچ سے پہلے گنوا دئے۔وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے سب سے زیادہ ناقابل شکست 72رنز بنائے۔آسٹریلیا نے گابا میں پہلا ٹیسٹ میچ 39رنز سے اور پھر میلبورن میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 18رنز سے جیت درج کی تھی۔یہ پاکستان کی آسٹریلیا کی سرزمین پر مسلسل 12ویں شکست ہے۔اس نے یہاں 12سال پہلے سڈنی میں آخری بار ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ڈیوڈ وارنر کو مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔انہوں نے پہلے دن لنچ سے پہلے سنچری لگائی تھی جبکہ دوسری اننگز میں طوفانی نصف سنچری جمائی تھی۔آسٹریلوی کپتان ا سٹیو سمتھ کو مین آف دی سیریز منتخب کیا گیا۔پاکستان نے صبح ایک وکٹ پر 55رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پہلے سیشن میں ہی چار وکٹ گنوا دئے۔اظہر علی(11)اپنے کل کے اسکور میں کوئی اضافہ نہیں کر پائے اور آج صرف 6گیندوں کا سامنا کر کے پویلین لوٹ گئے۔
ہیزل وڈ نے اگلے اوور میں بابر اعظم(نو)کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔اعظم اس پوری سیریز میں اچھی کارکردگی نہیں کر پائے۔انہوں نے چھ اننگز میں صرف 68رنز بنائے۔یونس خان 10000ٹیسٹ رنز پورے کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بننے سے چوک گئے۔انہیں 13رن کے ذاتی سکور پر آف اسپنر ناتھن لیون نے گلی میں کیچ کرایا۔پہلی اننگز میں ناقابل شکست 175رنز بنانے والے یونس گیند پر صحیح طرح سے شاٹ نہیں لگا پائے اور مڈ آن پر ہیزل وڈ کو کیچ تھما بیٹھے۔اظہر کو پہلے اوور میں آؤٹ کرنے کے بعد آسٹریلیا کے لئے یہ ضروری وکٹ تھا،یاسر شاہ(13)کی 93گیندوں تک چلی جدوجہد او کیفی نے ختم کی۔یاسر نے سلپ میں متبادل کھلاڑی جیکسن برڈ کو کیچ دیا۔اسد شفیق(30)لنچ کے فورا بعد پویلین لوٹ گئے۔کپتان مصباح الحق نے 98گیندوں تک جدوجہد کی لیکن اس کے بعد وہ بھی اے کیفی کی گیند پر مڈ آف پر لیون کو کیچ دے بیٹھے۔مصباح نے 38رنز بنائے جس میں سیریز میں ان کا سب سے زیادہ سکور رہا۔وہاب ریاض(12)نے نو گیندوں پر تین چوکے لگائے لیکن اس کے بعد انہیں او کیفی نے وکٹ کے پیچھے کیچ کرا دیا۔محمد عامر(پانچ)رن آؤٹ ہو گئے۔ہیزل ووڈ نے عمران خان(صفر)کو آؤٹ کرکے پاکستان اننگز کا اختتام کیا۔آسٹریلیا کی ٹیم اب اگلے ماہ چار ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے ہندوستان کا دورہ کرے گی جبکہ پاکستان کو اپریل تک کوئی سیریز نہیں کھیلنی ہے۔اس کی ٹیم اس کے بعد چار میچوں کی سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز کے دورے پر جائے گی۔